معلومات المواد باللغة العربية

www.kitabosunnat.comکتاب وسنت ڈاٹ کام - کتابیں

عناصر کی تعداد: 186

  • اردو

    مولانا عبد الرحمن کیلانی کی شخصیت محتاج تعارف نہیں، انکی دسیوں علمی، تحقیقی اور گرانقدر کتب ہی ان کا مکمل تعارف ہیں۔ موصوف جس موضوع پر بھی قلم اٹھاتے ہیں اس کا حق ادا کر دیتے ہیں، زیر تبصرہ کتاب بھی ان کی قرآن مجید سے گہری وابستگی، الفاظ ومعانی اور علوم و معارف قرآنی کے بارے میں ان کے نہایت عمیق مطالعے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کتاب کا موضوع بقول مصنف ‘‘ اردو الفاظ کے تحت قرآن میں مستعمل تمام مترادف الفاظ کا ذیلی فرق پیش کرنا ’’ ہے، عنوانات، اردو زبان کے حروف تہجی کے لحاظ سے ترتیب دئے گئے ہیں، مصنف کا طریقہ کار یہ ہے کہ کسی اردو لفظ مثلاً ‘‘ سامان ’’ کا عنوان قائم کرنے کے بعد اس کیلئے جتنے الفاط قرآن مجید میں وارد ہوئے ہیں، انہیں پہلے اجمالاً بیان کرتے ہیں، پھر ان میں سے ہر ایک کا قرآن مجید میں جو محل و مقام ہے، اسے ذکر کرتے ہیں اور اس مقام سے مناسبت رکھنے والا معنی واضح کرتے ہیں، پھر آخر میں لب لباب یا خلاصے میں تمام الفاظ کے درمیان ذیلی فروق بیان کرتے ہیں۔ کتاب کے آخر میں مصنف نے پانچ اہم ضمیموں کا اضافہ کرکے کتاب کی افادیت کو چار چاند لگادئے ہیں۔ وہ پانچ ضمیمے اس طرح ہیں: ۱۔ اسماء معرفہ: اس میں 14 عنوانات کے تحت اسماء معرفہ کو تفصیلاً ذکر کردیا گیا ہے۔ ۲۔ اسماء نکرہ: اس میں 7 عنوانات قائم کرکے انتہائی قیمتی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ ۳۔ ذوالاضداد 4۔ افعال کے عین کلمہ کی حرکت یا مصدر میں فرق سے معانی میں تبدیلی۔ ۵۔ متفرقات: اس ضمیمے میں جامع اسماء، غلط العام، مشتبہ الفاظ، چند محاورات اور چند مشکل مادوں وغیرہ پر بحث کی گئی ہے۔ مختصر یہ کہ اس کتاب نے اپنی جامعیت کی بنا پر قرآن مجید کی ایک مکمل اور مستند لغت کی حیثیت حاصل کرلی ہے ۔ قرآنی علوم کے وہ شائقین جو کتاب اللہ کی بے مثل فصاحت وبلاغت اور اسکے اعجاز بیان کی محیًر العقول نزاکتوں اور لطافتوں کے انوار سے اپنے قلب و ذہن کو منور کرنے کے متمنًی ہوں ان کے لئے یہ کتاب ایک گرانقدر تحفہ ہے۔

  • اردو

    پیش نظر کتاب میں فاضل مصنف عبد القوی کیلانی ۔ حفظہ اللہ ۔ نے حج وعمرہ کے احکام ومسائل کو کتاب وسنت کی روشنی میں نہایت ہی تفصیل سے بیان کیا ہے ، نقشوں کا سہارا لے کر حج وعمرہ کے پیچیدہ مسائل کو قارئین کے لئے نہایت ہی آسان بنادیا ہے۔ کتاب کے آخر میں حجاج ومعتمرین سے جہالت ونادانی وغیرہ کے سبب صادر ہونے والی متعدّد غلطیوں سے بھی خبردار کر دیا ہے ۔ اس کتاب کا مطالعہ حجاج ومعتمرین حضرات کیلئے بہت ہی مفید ثابت ہوگا ۔

  • اردو

    ہر انسان فطرت پر پیدا ہوتا ہے پھر اس کے والدین اسے یہودی نصرانی یا مجوسی بنا لیتے ہیں ۔ اگر بچے کی شروع سے اچھی تربیت کی جائے اس میں حق ، نیکی اور خیر کو ترجیح دینے کا جذبہ پیدا کیا جائے تو یہ کام اس کی عادت میں شامل ہو جاتے ہیں ۔ پھر اس میں حلم ، حوصلہ ، صبر ، تحمل ، بردبار ، کرم شجاعت اور عدل و احسان جیسے اخلاق حسنہ پیدا ہو جاتے ہیں ۔ اس کے برعکس اگر بچے کی تربیت مناسب انداز سے نہ کی جائے تو وہ بری عادت کا شکار ہو جاتا ہے ۔ وہ خیانت ، جھوٹ ، بےصبری ، لالچ ، زیادتی اور سختی جیسے اخلاق سیئہ کا شکار ہو جاتا ہے ۔ چناچہ اسلامی طرز زندگی گزارنے کے لیے اور اپنی زندگی میں اسلام پر عمل کرنے کے لیے ہمیں ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے آپ ﷺ کی زندگی پر عمل پیرا ہونا ہو گا ۔ اپنے بچوں کے اور اپنے سامنے حضور کی حیات مبارکہ کو ماڈل بنانا ہو گا ۔ آپ ﷺ نے ہمارے لئے زندگی کے ہر شعبہ میں اعلی اور مثالی نمونے چھوڑے ہیں ۔ اور اس کے علاوہ آپ ﷺ کے بہترین فرمودات بھی موجود ہیں ۔ جن پر عمل کر کے ہم اپنی زندگیوں کو ایک جنت کا نمونہ بنا سکتے ہیں ۔ زیر نظر کتاب بچوں اور بڑوں کی اسلامی تربیت کے حوالے سے لکھی گئی ہے ۔ جس میں زندگی کے تمام شعبوں کے بارے میں اسلامی اصولوں کی وضاحت بطریق احسن کر دی گئی ہے ۔ اللہ ہمیں صحیح معنوں میں مسلمان بنائے ۔آمین (ع۔ح)

  • اردو

    یہ رسالہ در اصل مصنف کی مستقل کتاب ‘‘ نماز پنجگانہ کی رکعتیں مع وتر وتہجد وجمعہ’’ کا ایک حصّہ ہے جسے قارئین کے استفادہ کیلئے الگ طور سے شائع کرکے انٹرنٹ پر نشر کیا گیا ہے تاکہ دنیا بھر کے مختلف حصوں میں رہنے والے مسلمان بھائی نمازِ وتر اورتہجّد کے سلسلے میں قرآن وحدیث واقوال ائمہ کی روشنی میں تحقیقی وعلمی معلومات حاصل کرسکیں۔

  • اردو

    پیش نظر کتاب خلیفہ دوم حضرت عمرفاروق رضی اللہ عنہ کی سوانح عمری، خلافت وفتوحات اور شاندار کارناموں پر مشتمل ہے۔

  • اردو

    حیاتِ تابعین کے درخشاں پہلو : پیش نظر کتاب میں آغوش صحابہ میں تعلیم و تربیت پانے والے عظیم المرتبت تابعین کی قابل رشک زندگی کے حیرت انگیز واقعات کی دلنشیں جھلکیاں پیش کی گئی ہیں۔ اور ہر تابعی کے تذکرے کے بعد ان مستند کتابوں کے حوالہ جات بھی درج کردئے گئے ہیں جن سے یہ واقعات اخذ کئے گئے ہیں۔ یہ کتاب عربی زبان میں تفسیر وادب کے معروف سکالر ڈاکٹر عبدالرحمن رافت باشا مرحوم کی قلمی کاوش کا نتیجہ ہے، جس نے ادبی اور علمی حلقوں میں تہلکہ مچادیا- یہ کتاب پھول کی پتی اور ہیرے کے جگر کا آ میختہ ہے، اس میں دارورَسن کے نوحے بھی ہیں اور لطف وعنایات کے زمزمے بھی ، اس میں حجاج بن یوسف کے ظلم و جور اور عمر بن عبد العزیز کے عدل وانصاف ، خلفائے بنو امیہ کے شاہانہ ٹھا ٹھ باٹھ ، اور شاگردان صحابہؓ کی درویشانہ طرزِ معاشرت کی دلپذیر جھلک دکھائی گئی ہے۔ اس عربی ادب اور سیرت نگاری کے شاہکار کو بعض عرب ممالک کے تعلیمی اداروں میں شامل نصاب کرلیا گیا ہے ، تاکہ ان ادارو ں میں تعلیم حاصل کرنے والا ہر نوجوان اپنی عظمتِ رفتہ کے نقوش کا بچشم خود مشاہدہ کر سکے۔ اس اثر انگیز انقلابی کتاب کو رواں دواں اور سلیس اردو زبان کے قالَب میں ڈھالنے کی سعادت محترم محمو د احمد غضنفر کے نصیب میں آئی ہے جنہوں نے عربی ادب کی چاشنی ،لطافت اور شیرینی کی جھلک اردو میں بھی باقی رکھنے کی حتی المقدور کوشش کی ہے۔ دعا ہے کہ ان خرقہ پوش عظیم المرتبت ہستیوں کی قابل رشک سیرت کا مطالعہ ہمارے دلوں کے لیے رقت انگیز ثابت ہو اور ہمیں انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے زندگی کے کٹھن مراحل طے کرنے کی توفیق ارزانی میسّر ہو۔

  • اردو

    حیات صحابہ کے درخشاں پہلو : صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نےآغوش نبوت میں تربیت پائی، ان کے سینوں پر انوار رسالتﷺ براہِ راست پڑے اسی وجہ سے اللہ تعالیٰ ان سے متعلق رضی اللہ عنہم ارشاد فرمایا۔ حضرات صحابہ کرام کی زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مینارہ نور اور مشعل راہ ہیں اسی کے پیش نظر ان کی زندگی کے لمحات کو قرطاس میں محفوظ کیا گیا اور اس حوالے سے الاصابہ اور اسد الغابہ جیسی ضخیم کتب سامنے آئیں۔ زیر مطالعہ کتاب میں بھی انھی ہستیوں کی زندگی کے حالات و واقعات نقل کیے گئے ہیں۔ "حیات صحابہ کے درخشاں پہلو" ڈاکٹر عبدالرحمان رافت الباشا کی کتاب "صور میں حیاۃ الصحابہ" کا اردو قالب ہے۔ اردو ترجمہ محمود احمد غضنفر نے کیا ہے۔ یہ کتاب بلاشبہ اردو ادب میں ایک گراں مایہ اضافہ ہے اور پڑھنے والوں کے لیے ایسے مواد کی فراہمی ہے جو قلب و ذہن کے تزکیہ کا باعث ہو گی۔ کتاب کی افادیت کا اندازہ اس سے کیجئے کہ یہ متعدد مدارس کے نصاب میں شامل ہے۔ (ع۔م)

  • اردو

    امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی "صحیح بخاری" کو کتاب اللہ کے بعد صحیح ترین کتاب ہونے کا شرف حاصل ہے۔ لیکن پھر بھی بعض عاقبت نا اندیش صحیح بخاری اور امام بخاری پر اعتراضات کا سلسلہ دراز کیے رکھتے ہیں۔ انہی حضرات میں سے ایک صاحب احمد سعید ملتانی چتروڑگڑھی مماتى ہیں جنہوں نے "قرآن مقدس اور بخاری محدث" کے نام سے کتاب لکھی، جس میں انہوں نے صحیح بخاری کی 54 حدیثوں پر متعدد اعتراضات کیے ہیں۔ زیر نظر کتاب میں محترم حافظ زبیر علی زئی نے اپنے مخصوص انداز میں اس کتاب کا جامع اور مسکت جواب دیا ہے۔ حافظ صاحب نے کتاب کے شروع میں ملتانی صاحب کے 34 جھوٹوں کا بھی تذکرہ کیا ہے۔(ع۔م)

  • اردو

    زیر نظر کتاب امیرنایف بن ممدوح آل سعود -حفظہ اللہ – کی عربی تالیف ( فرص كسب الثواب وأكثر من 175 سبب لدخول الجنة ) کا اردو ترجمہ ہے جسے اردوداں حضرات کے استفادہ کیلئے مجلس تحقیقِ اسلامی کے سابق رکن محمد اسلم صدیق-حفظہ اللہ - نے سَر انجام دیا ہے ۔ اس کتاب میں قرآن اور صحیح احادیث سے ثابت شدہ ایسے فضائل اعمال کا تذکرہ کیا گیا ہے جو جنت میں جانے کا سبب اور نہایت آسان ذریعے ہیں۔ اس کتاب کی خاصیت یہ ہے کہ اس میں صرف مستند احادیث کا تذکرہ کیا گیا ہے اور غالباً علامہ البانی-رحمہ اللہ- کی تحقیق پر اعتما د کیا گیا ہے۔

  • اردو

    الصارم المسلول علی شاتم الرسول : جاہلیت جدیدہ کے علم برداروں نے آزادی اظہار کے نام پر انبیائے کرام علیہم السلام کو بالعموم او رحضور حتمی المرتبت حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تنقیص و اہانت کو اپنا منتہائے نگاہ ٹھہرا لیا ہے،جس کے مظاہر حالیہ چند برسوں میں مختلف یورپی ممالک میں دیکھنے کو ملے۔ان حالات میں یہ لازم تھا کہ جناب محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی تقدیس و تعظیم کے تصور کو اجاگر کیا جاتا اور توہین رسالت کی شناعت و قباحت اور اس کی سزا وعقوبت کو کتاب وسنت کی روشنی میں واضح کیا جاتا۔اسے شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کی کرامت کہیے یا عنداللہ ان کی مقبولیت کہ ناموس رسالت کے دفاع و تحفظ پر جو کچھ شیخ الاسلام رحمہ اللہ کے قلم سے نکلا ہے سات صدیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے بعد بھی وہ اس قدر جاندار،زندہ اور مدلل ہے کہ اس مسئلہ میں آج بھی سند اور اولین مرجع کی حیثیت رکھتا ہے۔زیر نظر کتاب حضرت شیخ الاسلام رحمہ اللہ نے خاص اسی مسئلہ پر تحریر کی ہے اور اپنے خاص انداز تحریر میں اس قضیہ کے ہر پہلو پر سیر حاصل بحث کی ہے ۔افادہ عام کی خاطر معروف سلفی عالم اور مصنف و مترجم جناب پروفیسر غلام احمد حریری مرحوم نے اسے اردو زبان میں منتقل کیا ہے،اور حافظ شاہد محمود صاحب نے اس پر نظرثانی کا کام سر انجام دیا ہے۔ امید ہے کہ اس کتاب کے مطالعہ سے عقیدہ ناموس رسالت میں پختگی آئے کی اور جناب رسالتمآب صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت و الفت کے رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔ان شاء اللہ

  • اردو

    زير مطالعہ کتاب قرض کے فضائل ومسائل کے سلسلے میں ہے جسمیں فاضل مؤلف پروفیسر ڈاکٹر فضل الہی –حفظه الله - نے مندرجہ ذیل مباحث کو موضوعِ گفتگو بنایا ہے: مبحث اوّل: قرض اور اسکی شرعی حیثیت مبحث دوم: قرض دینے اور مقروض کے ساتھ حسن معاملہ کی تلقین مبحث سوم: ادائیگی قرض کی تلقین مبحث چہارم: قرض کی واپسی کے لئے قانونی اقدامات مبحث پنجم: ادائیگی قرض کو یقینی بنانے کیلئے بعض تدبیریں مبحث ششم: نا دار مقروض کی اعانت مبحث ہفتم: ادائیگی قرض میں تاخیر پر تجویز کردہ دو سزاؤں کی شرعی حیثیت مبحث ہشتم: قرض کے ساتھ کوئی اور شرط لگانا مبحث نہم: قرض کی زکٰوۃ مبحث دہم: بنک کارڈ اور ان کی شرعی حیثیت

  • اردو

    جب دنیا ریزہ ریزہ ہوجائے گی: زیر مطالعہ کتاب علاماتِ قیامت کے موضوع پر عالم عرب کی مشہور شخصیت ڈاکٹر محمد بن عبدالرحمٰن العریفی کی "نهاية العالم" کے نام سے لکھی گئی شاہکار تصنیف کا اردو قالب ہے۔ جسے فاضل مترجم قاری محمد اقبال عبدالعزیز نے نہایت ہی سلیس اور عام فہم اسلوب میں سر انجام دیا ہے۔ اس کتاب میں محترم مصنّف نے قرآن وسنت کی روشنی میں ظہوردجال، نزولِ مسیح ، یاجوج ماجوج کے نمودارہونے کے علاوہ مشرق ومغرب کے بدکاروں کو زمین میں دھنسا دینے کے واقعات ، مغرب سے سورج طلوع ہونے کی علامت اور اُس بھڑکتی ہوئی آگ کا ہوشربا منظر بیان کیا ہے جو قیامت کے دن لوگوں کو ہانک کر حشر کے میدان میں لے جائے گی۔ کتاب کی امتیازی وصف یہ ہے کہ اسمیں علاماتِ قیامت اُجاگر کرنے کے لئے نہایت خوبصورت ورنگین تصاویر اور 40 نادر نقشے بھی دیئے گئے ہیں۔

  • اردو

    اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اس میں انسانی زندگی کے تمام شعبوں اور لوگوں کے سارے احوال کے بارے میں راہ نمائی موجود ہے، اللہ عزوجل نے اہل اسلام کو دو عیدیں عطا فرمائی ،لیکن انہیں ان دو موقعوں پر بھی شُتر بے مھار کی طرح آزاد نہیں چھوڑا کہ وہ ان میں جو چاہیں کریں،اور جو چاہیں چھوڑدیں،بلکہ کتاب وسنت میں انکے احکام ومسائل کو بیان کر دیاکیا گیا ہے تاکہ مسلمان خوشی اور مسرّت کے ان دوموقعوں پر بھی اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ طرزِ عمل اختیار کرکے دنیا وآخرت کی خیروبرکات اور سعادتیں حاصل کرسکیں۔پیش نظر کتاب میں پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی-حفظہ اللہ- نے عیدین کے احکام ومسائل کا تفصیلی تذکرہ فرماکر اس سلسلہ میں پائی جانے والی بعض غلطیوں کی بھی نشاندہی فرمائی ہے۔نہایت ہی مفید کتاب ہے ضرور استفادہ حاصل کریں۔

  • اردو

    مسائلِ قُربانی : قربانی خلیل الرحمن حضرت ابراہیم علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سنت ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس سنت ابراہیمی علیہ السلام کا اہتمام فرماتے اورامت کوبھی اس کا اہتمام کرنے کی تاکید فرماتے تھے۔ زیرمطالعہ کتاب میں پروفیسر ڈاکٹر فضل الٰہی-حفظہ اللہ- نے اسی سنت ابراہیمی علیہ السلام کی اہمیت اور اس کے متعلقہ مسائل کو کتاب وسنت کی روشنی میں سمجھانے کی عمدہ کوشش کی ہے۔ کتاب کے آخرمیں ماہ ذوالحجہ کے ابتدائی دس دنوں کے فضائل واعمال کا بھی تذکرہ فرمادیا ہے۔البتہ بعض اختلافی مسائل(مثلاً:میت کی طرف سے قربانی کے مسئلہ) میں مؤلف -حفظہ اللہ- نے دلائل کی بنیاد پر دیگربہت سے علمائے اہل حدیث سے الگ - یعنی- جوازکا موقف اپنایا ہے۔ بہرحال قربانی کے عمومی مسائل سے واقفیت کے حوالہ سے اس کتاب کا مطالعہ بہت ہی مفید ہے۔

  • اردو

    احكام ومسائل كتاب وسنت کی روشنی میں: زیر مطالعہ كتاب قرآن وسنت کی روشن دلائل سے مزیّن،روزمرّہ زندگی کے مسائل سے متعلق اہم فتاوے پر مشتمل ہے جسےمشہورمحقّق وعالم دین شیخ ابو الحسن مبشر احمد ربانی - حفظہ اللہ- نے ترتیب دیا ہے،اس کتاب کا مطالعہ ہر عام وخاص کیلئے بہت ہی مفید ثابت ہوگا۔

  • اردو

    قارئین کرام! طلاق کے سلسلے میں تمام مذاہب افراط وتفریط کے شکا رہیں جبکہ ‏اسلام ایسا معتدل نظام لایا ہے کہ جس میں نہ افراط ہے اورنہ تفریط ،اسلام نے زوجین ‏میں سے ہرایک کواسکا پورا پورا حق دیا ہے‏ ،نہ تودونوں کو طلاق کی کھلی اجازت دی ہے ‏کہ جوجب چاہے کسی چھوٹی سی بات پرہی طلاق دے ڈالے اورنہ ہی طلاق نہ دینے کی ‏کوئی ایسی پابندی ہی لگائی ہے کہ میاں بیوی کی زندگی باہمی اُلفت ومحبت کے بجائے لڑائی ‏جھگڑے اورانتشاروفساد کی صورت اختیارکرگئی ہوتب بھی وہ ایک دوسرے کے ساتھ ‏ہی رہنے پرمجبورہوں- ‏ بلکہ دونوں کویہ درس دیا ہے کہ اگرنباہ کسی حدتک بھی ممکن ہوتوصبرسے کام لیں ‏اورطلاق سے گریزکریں اوربلاوجہ نہ شوہرعورت کوطلاق دے اورنہ ہی عورت طلاق کا ‏مطالبہ کرے کیونکہ یہ بہت بڑاگناہ ہے اوردوسری طرف دونوں کویہ اجازت بھی دی ‏ہے کہ اگردونوں کا اکھٹے گزارہ کرنا انتہائی مشکل ہوجائے اورباہمی نفرت وبغض کی وجہ ‏سے زندگی اجیرن ہوچکی ہو تو مرد عورت کوطلاق دے کراس سے علیحدگی اختیارکرلے‏ ‏،اسی طرح عورت کوبھی یہ حق حاصل ہے کہ ایسی صورتحال میں اگرشوہرطلاق نہ دے ‏تواس سے خلع کا مطالبہ کرے اوراگروہ خلع نہ دے توشرعی عدالت کی طرف رجوع ‏کرکے نکاح کوفسخ کرالے- زیرمطالعہ کتاب میں حافظ عمران ایوب لاہوری نے طلاق ‏سے متعلق جملہ مسائل واحکام کے بارے میں کتاب وسنت اوراہل علم کی روشنی میں ‏تفصیلی روشنی ڈالى ہے. اوریہ ثابت کیا ہے کہ اسلام میں طلاق کا عادلانہ نظام بشری ‏تقاضوں ،فطرتِ انسانی اورضروریاتِ زندگی کے عین مطابق ہے- دنیائے عالم کے تمام ‏مذاہب اس حکیمانہ نظام کی مثال پیش کرنے ‏سے قاصرہیں- نہایت ہی مفید وجامع کتاب ‏ہے ضروراستفادہ حاصل کریں.

  • اردو

    زيرمطالعہ کتاب "رفع الملام عن ائمة الأعلام" میں اکابرعلماء اورخصوصاً ائمہ اربعہ کی جانب منسوب اس غلط فہمی کا ازالہ کیا گیا ہے کہ انہوں نے دانستہ حدیث نبویہ کو نظرانداز کرکے اپنے مقلدین کو اپنے اقوال وافکارکی پیروی کا حکم دیا- امام ابن تیمیہ –رحمہ اللہ- نے دلائل وبراہین کی روشنی میں ثابت کیا ہے کہ ایک عالم اورامام بھی ایسا نہیں جس نے شعوری طورپرحدیث نبوى سے صرفِ نظر کرتے ہوئے اپنے اقوال واعمال کو دین میں حجت قراردیا ہو- امام تو کیا کوئی مسلم بھی اس فعل شینع کی جسارت نہیں کرسکتا- شیخ نے پوری تفصیل کے ساتھ ان اعذارواسباب کی نشان دہی کی ہے جن کی بناپربعض احادیث کے مطابق بعض حلقوں میں عمل نہ کیا جاسکا،1- مثلاً ان اسباب میں سے ایک سبب یہ ہے کہ بعض اوقات ایک عالم علم وفضل کے باوصف کسی حدیث سے آگاہ نہیں ہوتا اور اس لئے وہ اس پرعمل کرنے سے قاصررہتا ہے-اس ضمن میں نے انہوں نے شیخین ابوبکروعمررضی اللہ عنہما کی مثالیں دی ہیں کہ تمام ترعظمت وفضیلت کے باوجود بعض احادیث سے آگاہ نہ تھے،حتى کہ ان سے کمتردرجہ کے لوگوں نے انکو ان احادیث سے آگاہ کیا اورانہوں نے بصد شکران احادیث کوتسلیم کیا اورانکے مطابق عمل کیا- 2-ایک امام بعض اوقات ایک حدیث کواس لئے نظراندازکردیتا ہے کہ وہ حدیث سنداً اس کے نزدیک صحیح نہیں ہوتی،بلكہ وہ اسکو ضعیف اورناقابل اعتماد تصورکرتا ہے- 3-کسی حدیث پرترک عمل کی ایک وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ ایک امام کے مقررکردہ شرائط پرپوری نہیں اترتی،اگرچہ دیگرمحدثین اس کو صحیح اورقابل عمل قراردیتے ہوں،على ہذا القیاس پورا رسالہ اسی قسم کے اسباب واعذارپرمشتمل ہے. مترجم:پروفیسرغلام احمد حریری- تقدیم،تحقیق،تخریج:محمدخالد سیف سن طباعت:1979ء ناشر:طارق اکیڈمی-فیصل آباد.

  • اردو

    ائمہ محدثین کے ہاں مسلّم ہے کہ قرآن کریم کے بعد صحیح ترین احادیث وہ ہیں جوصحیح بخاری اورصحیح مسلم دونوں میں موجود ہیں- اللہ تعالى رحمت فرمائے علامہ محمد فؤاد عبدالباقی پر جنہوں نے نہایت عرق ریزی سے بخاری ومسلم کی متفقہ احادیث کو اللؤلؤوالمرجان کی صورت میں یکجا کردیا- بعد ازاں کتاب کی اسی اہمیت کے پیش نظرسینکڑوں مدارس کے نصاب میں اسے شامل کرلیا گیا-لیکن چونکہ اس کتاب کی کوئی مستقل شرح نہ تھی اس لئے مدرسین وطلبائے علوم دینیہ کو بعض مقامات پراسکے حل وتفہیم میں مشکل پیش آتی –اسی مشکل کے پیش نظرعصرحاضرکے معروف ریسرچ اسكالرحافظ عمران ایوب لاہوری نے اسکی شرح کا بیڑا اٹھایا جوآج بفضل اللہ زیورطباعت سے آراستہ ہوکرآپ کے ہاتھوں میں ہے- موصوف نے متن اورشرح کی تمام احادیث کی تخریج کی ہے-شرح میں جہاں صحیحین کے علاوہ دیگرکتب کی احادیث نقل کی ہیں وہاں ان پرصحت وضعف کا حکم بھی لگایا ہے- تشریح کیلئے زیادہ تر"فتح الباری" اور"شرح النووى" کو ہی پیش نظررکھا ہے-شرح میں طوالت سے بچتے ہوئے اختصاراورجامعیت کو ملحوظ رکھا ہے- ہرحدیث کے بعد مشکل الفاظ کے معانی وفوائد بھی قلم بندکئے ہیں- بطورخاص ہرمقام پرتعصب سے بالاترہوکرکسی خاص فقہی مکتبہ فکرکے بجائے محض دین اسلام کی ہی ترجمانی کی ہے- یوں سرورِعالم کے سنہری فرامین پرمشتمل قیمتی ہیرے اورجواہرات کی چمک دوچند ہوگئی ہے،جوطلبائے علوم دینیہ اوراساتذہ کرام کے علاوہ عام لوگوں کے دلوں کو بھی نورِایمان سے منورکرنے کیلئے نہایت اہمیت وافادیت کی حامل ہے- دعا ہے کہ اللہ تعالى اس مفید شرح کوسب کیلئے ذریعہ ہدایت بنائے – (آمین!)

  • اردو

    زیرمطالعہ کتاب میں مصنف حفظہ اللہ نے ہندوپاک میں مروجہ بدعات کا جائزہ لے کرانکا شرعى پوسٹ مارٹم کیا ہے چونکہ مصنف خود بھی پہلے بدعات میں ملوث تھے اللہ کے فضل وکرم سے سنت کی روشن شاہراہ پر گامزن ہوکر بطورخیرخواہی وہمدردی کے جذبہ سے زیرتبصرہ کتاب تالیف فرمائی . نہایت ہی معلومات افزاء اورحقائق کشا کتاب ہے جسکا مطالعہ بدعت میں ڈوبے ہوئے لوگوں کے لئے باعث ہدایت ثابت ہوگا.

  • اردو

    اسلامی مہینہ رجب کی بائیس تاریخ کو منائی جانے والی کونڈے بھرنے کی رسم موجودہ دورمیں برصغیرپاک وہند میں کافی شہرت ورواج پاچکی ہے.اوراس رسم کو جعفرصادق رضی اللہ عنہ سے منسوب کردیا گیا ہے جبکہ اس رسم سے انکادور کا بھی واسطہ نہیں ’بلکہ یہ رسم دراصل شیعوں نے کاتب وحی امیرمعاویہ رضی اللہ عنہ کے یوم وفات کی خوشی منانے کیلئے ایجاد کی تھی جسے نام نہاد اہل سنت کہلانے والے مسلمانوں نے بھى اندھی تقلید یا لا شعورى طورپر اپنا لیا- اس رسم کے ساتھ لکڑہارے کی خودساختہ داستان بھی وابستہ ہے- اس کتابچہ میں شیخ محمد صادق خلیل راشدى نے اس رسم کی تردید اور اس سے متعلقہ دیومالائی داستان کے خاص خاص حصوں کا علمی تحقیقی اور عقلی لحاظ سےجائزہ لیا ہے. اللہ تعالى موصوف کی اس محنت کو قبول فرمائے اور اس کتاب کا مطالعہ راہ صواب سے بھٹکے ہوئے مسلمانوں کیلئے ہدایت وروشنی کا ذریعہ بنائے آمین!